کاروار:17؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) 1971میں بھارت پاکستان کے درمیان ہوئی جنگ میں بھارت کی کامیابی کی یاد میں ’’وجئے دیوس‘‘ (یوم ِ فتح ) منایاگیا۔ آئی این ایس بحریہ فوج کے میوزیم میں پروگرام منعقد کیاگیا تھا ۔ بھارتی فوج کے سابق میجر رام راگوب رانے کے مجسمےکو معزز شخصیات نے پھول پیش کرتےہوئے تعزیت کی۔
اترکنڑا ضلع ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار نے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد کہاکہ ملک کی حفاظت میں اترکنڑا ضلع ہمیشہ سے اول رہا ہے جس پر ضلعی عوام کو فخر ہے۔ آئی این ایس وجر کوش کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن سجو جائے نے بات کرتے ہوئے کہاکہ بنگلہ دیش کو پاکستان سے نجات ملے 50برس ہوگئے ، اس معنی میں یہ پروگرام کافی اہمیت رکھتاہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی بحریہ فوج ملک کی سالمیت، حفاظت کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔
پروگرام میں مختلف جنگوں اور جنگی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے اترکنڑا ضلع کے فوجیوں کے خاندان والوں کی تہنیت کی گئی ۔ سی برڈ بحریہ اڈے کے عملے نے دیش بھگتی گیتوں پر بینڈ بجایا۔ ضلع پولس ایس پی شیو پرکاش دیوراج، ضلع پنچایت سی ای اؤ ایم پریانگا، ایڈیشنل ڈی سی ایچ کے کرشنا مورتی ، این سی سی کمانڈنٹ (نیول ) ستیہ ناتھ بھوسلے اور سمیر پوار (آرمی ) موجود تھے۔